پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کو خریدنے کے لیے 50 کروڑ روپے کی پیشکش کی جا رہی ہے، اس کام کے پیچھے آصف علی زرداری ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ آج لاہور کو بھی سندھ ہاؤس میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ کی طرح کا سامنا ہے، جہاں پر رکن صوبائی اسمبلی کو خریدنے کے لیے 50 کروڑ روپے تک کی پیشکش کی گئی۔ ہارس ٹریڈنگ کے پیچھے اس کام کے ماسٹر مائنڈ آصف علی زرداری ہیں جو اپنی کرپشن پر این آر او حاصل کرتے ہیں اور لوٹی ہوئی دولت سے لوگوں کو خریدتے ہیں۔ اسے جیل بھیجنا چاہیے۔
اپنے بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہارس ٹریڈنگ نہ صرف ہماری جمہوریت پر حملہ ہے بلکہ ہمارے معاشرے کے اخلاقی تانے بانے پر بھی حملہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے ایکشن لیا ہوتا اور منحرف رکن پر تاحیات پابندی لگائی ہوتی تو اس طرح کے کاموں کو روکا جا سکتا تھا۔
سابق وزیراعظم نے لکھا کہ کیا امپورٹڈ حکومت کو احساس نہیں قوم کو کتنا نقصان ہو رہا ہے؟اپنے ایک اور ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ سندھ سے چوری شدہ رقم کے ساتھ وفاقی حکومت گرانے اور این آر او ٹو لینے کے بعد مصدقہ مجرم آصف زرداری شریف مافیا کے ساتھ مل کر اب ایم پی اے خریدنے کی کوشش کر رہا ہے اور پنجاب کے عوام کا مینڈیٹ چوری کرنا چاہتا ہے۔ سپریم کورٹ سے پوچھنا چاہتے ہیں کیا وہ اس نقصان سے واقف نہیں ہیں؟ کیا ہماری جمہوریت، آئین اور ملکی اخلاقیات کی تباہی سوموٹو ایکشن کے لیے موزوں کیس نہیں؟ کیا نیوٹرلز کو احساس نہیں کس طرح امریکی سازش کے ذریعے لائی گئی امپورٹڈ حکومت کے ذریعے ہمارا پیارا ملک ہر محاذ پر تباہ ہو رہا ہے؟