وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر حمزہ شہباز نے فل کورٹ کی تشکیل کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی۔ حمزہ شہباز نے درخواست میں آرٹیکل 63 اے کی نظر ثانی کی درخواستوں کی بھی ساتھ سماعت کی استدعا کی ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان کے الیکشن کمیشن فیصلے کے خلاف اپیلیں زیر التواء ہیں
ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کی 22 جولائی کو دی گئی رولنگ درست ہے،الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کو تسلیم کیا، سپریم کورٹ نے منحرف ارکان کی اپیلیں منظور کیں تو صورتحال یکسر تبدیل ہوجائے گی اور 25 منحرف ارکان کے نکالے گئے ووٹ بھی گنتی میں شمار ہونگے۔حمزہ شہباز کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے منحرف ارکان کے خلاف عمران خان کی ہدایات کے خط کو درست قرار دیا۔ چوہدری شجاعت حسین کا اپنے ایم پی ایز کو لکھا گیا خط بھی آئین اور قانون کے مطابق درست ہے۔