پاکستان تحریک انصاف کی بانی رکن فوزیہ قصوری چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر برس پڑیں ۔سوشل میڈیا پر فوزیہ قصوری کا نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو کا ایک کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے عمران خان سے ٹورنٹو کی تقریب میں جمع 3 لاکھ ڈالر سے متعلق سوال کیا۔
فوزیہ قصوری کا کہنا تھا کہ ٹورنٹو میں ہونے والی ایک تقریب میں عمران خان اور میں موجود تھے، اس تقریب میں خان صاحب نے خود کہا تھا کہ 3 لاکھ ڈالرز جمع ہوئے لیکن اس کے بعد سال بھر تک پتا نہیں چلا کہ وہ 3 لاکھ ڈالر کہاں گئے؟ ہم ای میلز پر پوچھتے رہے کہ وہ ڈالر پہنچے یا نہیں لیکن کوئی جواب نہیں آیا۔
فوزیہ قصوری نے فارن فنڈنگ پر پی ٹی آئی کے مؤقف سے متعلق برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ اکاؤنٹس عمران خان کے نام پر کھلے ہیں، ان کے نام سے پیسے ڈپازٹ ہورہے ہیں تو یہ کیسے ممکن ہے کہ عمران خان کو نہیں پتا؟ پہلی بات خان صاحب بہت غلط بیانی کرتے ہیں۔
PTI founding member @FauziaKasuri says $3 million raised in Canada for PTI have gone missing and asks PTI leadership to explain pic.twitter.com/1zHTxTWb8r
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) August 5, 2022
پی ٹی آئی کی بانی رکن کا کہنا تھا ہوسکتا ہے کہ میرے اس بیان کو لوگ جھوٹا بھی کہہ سکتے ہیں لیکن میں خان صاحب کے ساتھ کئی عرصے کام کرچکی ہوں لہٰذا ان کی عزت کرتی ہوں مگر عمران خان کو سوچ سمجھ کر بولنا چاہیے کیوں کہ ایک حد تک جھوٹ چلتا ہے اس کے بعد اللہ نے وعدہ کیا ہے کہ سب واضح ہوجاتا ہے۔
فوزیہ قصوری کا کہنا تھا اس وقت اندھا دھند پیسا آرہا تھا اور ایسے ایسے لوگوں سے آیا جن کو ہم جانتے بھی نہیں تھے لیکن خان صاحب جانتے تھے، عمران خان کی ابراج گروپ اور عارف نقوی کے ساتھ ڈیلنگ تھی اور اب یہ کہہ دینا کہ وہ کیوں کہ مسلمان ہے اس لیے اس کے خلاف ایسا سازش کی جارہی ہے یہ ایک بیوقوفانہ بات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی دفعہ ابراج گروپ اور عارف نقوی کے خلاف جو تحقیقات شروع ہوئیں وہ یو اے ای سے شروع ہوئیں، عارف نقوی نے 300 ملین ڈالرز کے چیک لکھے تھے جو باؤنس ہوگئے تھے، عارف نقوی نے امپیکٹ انویسمنٹ کے نام سے لوگوں سے پیسے بٹورے جسے انہوں نے لگژری سفر، لندن میں جائیداد خریدنے اور اپنے دوستوں کو عطیہ کرنے میں خرچ کیے، ان دوستوں عمران خان سمیت دیگر جماعتیں بھی شامل ہیں جس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے بھی پاکستان تحریک انصاف کی ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھاکہ پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈنگ لی۔