رحیم یارخان میں سیوریج اور بارش سے بھرے گڑھے میں پھنسی منی کوچ پر ٹرک الٹ گیا، حادثے میں 13 افراد جاں بحق ہو گئے، ریسکیو آپریشن کے دوران مشتعل افراد نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر دھاوا بول دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ فیروزہ کی مین روڈ پر پیش آیا، جہاں مسافر بس کھڑے پانی سے گزرتے ہوئے گڑھے میں پھنس گئی اور مخالف سمت سے آنے والا ٹرک گڑھوں کے باعث بے قابو ہو کر مسافر کوچ پر الٹ گیا۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ٹرک کو کرین کی مدد سے سیدھا کیا گیا، بس میں 18 مسافر سوار تھے جن میں سے 13 مسافروں کی لاشیں اور 5 زخمیوں کو فیروزہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔
اس دوران جائے حادثہ پر آنے والے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) لیاقت پور کی گاڑی پر مشتعل شہریوں نے پتھراؤ کر دیا۔ اے سی نے بھاگ کر جان بچائی۔
شہریوں کا کہنا تھا کہ کئی سال سے فیروزہ شہر کی مین سڑک ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور آئے روز حادثات ہوتے ہیں، آج بڑا سانحہ پیش آ گیا، حادثے کی اصل ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد ہوتی ہے۔