او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس آج اسلام آباد میں ہو گا

اسلام آباد: (سی این پی) او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہوگا۔ او آئی سی کے رکن ممالک اور مبصرین کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اجلاس میں افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر مشاورت ہوگی۔افغانستان کی صورتحال پر سعودی عرب کی تجویز اور پاکستان کی میزبانی میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرا خارجہ کی کونسل کا 17واں غیر معمولی اجلاس اتوار کو اسلام آباد میں ہو گا جس میں شرکت کیلئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرلز کے علاوہ اسلامی ممالک کے وزرا خارجہ کی ایک بڑی تعداد اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔
ہفتہ کو اجلاس میں شرکت کیلئے دن بھر مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ یہ غیر معمولی اجلاس پارلیمنٹ ہائوس کے قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہو گا جس کیلئے ہال کو مسلم ممالک کے پرچموں سے سجایا گیا ہے۔اجلاس کا افتتاحی سیشن دن ساڑھے 11 بجے ہو گا جس سے وزیراعظم عمران خان کلیدی خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ ، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خطاب کریں گے جبکہ شام ساڑھے 6 بجے اجلاس کے اختتام پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے۔