سابق وزیراعظم عمران خان اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل سے ملاقات کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( پمز) پہنچ گئے۔عمران خان کی آمد کے موقع پر پمز اسپتال میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ عمران خان ملاقات کیلئے اسپتال پہنچے ہیں تاہم وہ اپنی گاڑی میں موجود ہیں۔
پمز اسپتال کے کارڈیالوجی وارڈ کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل سے ملنے کی کسی کو اجازت نہیں اور اسپتال پراضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق عوام یا کوئی بھی شخص ملاقات کی کوشش کرکے امن وامان کی صورتحال پیدا نہ کرے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے اسپتال میں سکیورٹی کا مناسب بندوبست کیا ہے، ملزم جسمانی ریمانڈ پر نہیں ہے اور ملزم سے ملاقات کی اجازت نہیں۔اسلام آباد پولیس کے مطابق کسی بھی لا اینڈ آرڈرکی صورتحال بننے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔