سندھ میں بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاریاں جاری ہیں، لاڑکانہ میں 2 دن کے دوران چھتیں گرنے کے واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد 11 ہوگئی۔
خیرپورمیں گھر کی چھت گرنے سے تین بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، دادو میں چھتیں گرنے سے چار افراد چل بسے جبکہ 20 زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر نوابشاہ میں مکان کی دیوار گرنے سے 2 بچے دم توڑ گئے، شکارپور میں چھت گرنے سے 2 بہنیں جاں بحق ہوئیں۔ کوٹ ڈیجی میں سیلابی ریلے میں بہہ کر 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
جوہی میں بارش کے بعد ندی نالے بپھر گئے، شہر کو بارش کے پانی نے ڈبویا، دیہی آبادی سیلاب کی زد میں آگئی، شہری اپنی مدد آپ کے تحت نکل مکانی پر مجبور ہوگئے، شہر کے گلیاں بازاروں میں بھی پانی بھر گیا۔
موسلادھار بارش کے بعد ہالہ اور عمرکوٹ شہر تالاب میں بدل گیا، سڑکیں، بازار، گلیاں پانی میں ڈوب گئیں، سانگھڑ اور مٹیاری کی کہانی بھی مختلف نہیں ہے، گھر، گلیاں، سڑکیں اور بازار پانی میں ڈوب گئے۔ شہری گھروں میں قید ہوکر رہ گئے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج اور کل سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔