چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ آب پارہ میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق عمران خان کے خلاف مقدمہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا، جس میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کے 17 رہنما بھی نامزد کیے گئے ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقدمے میں مراد سعید، فواد چوہدری، فیصل جاوید، شیخ رشید، اسد عمر، راجہ خرم نواز اور علی نواز اعوان سمیت 17 رہنماؤں کے نام شامل ہیں۔
مقدمے میں درج ہے کہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی قیادت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی، ان کی ایما پر تقریباً 1 ہزار افراد نے سڑک بلاک کی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمران خان اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے لاؤڈاسپیکر کا استعمال کیا، پی ٹی آئی سربراہ کے خلاف مقدمہ اسلام آباد پولیس کے اے ایس آئی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔