ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کو پاک فضائیہ کا ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن مقرر کر دیا گیا ہے۔
پی اے ایف کے ترجمان کے مطابق ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے دسمبر 1992 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا۔
اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن اور آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کی۔ وہ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف (آپریشنل ریکوائرمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ) کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے چین سے ملٹری آرٹس اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔
ایئر آفیسر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹر سٹاف اور فیکلٹی ممبر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ سعودی عرب میں پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس ٹیم کے کنٹیجینٹ کمانڈر کے طور پر بھی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ وہ ستارہ امتیاز (ملٹری) کے وصول کنندہ ہیں۔