وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین نے ہمیشہ ضرورت کی گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چینی اداروں نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ افراد کے دکھ کو محسوس کرتے ہوئے وزیراعظم کے ریلیف فنڈ میں پندرہ ملین روپے عطیہ کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین سیلاب زدگان کو پناہ دینے کے لیے پچیس ہزار خیمے دے رہا ہے جبکہ چین کی ریڈ کراس سوسائٹی نے پاکستان ریڈ کریسنٹ کو تین لاکھ ڈالر کی پیشکش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم چینی بھائیوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے پاکستانی قوم کا درد محسوس کیا اور یہی آہنی بھائی چارے کی اصل روح ہے۔