خیبر پختونخوا (کے پی) میں بارشوں کے باعث سیلابی ریلوں سےدریائے کنہار میں 8 افراد ڈوب گئے، تین کی لاشیں برآمد کر لی گئیں، دیگرکی تلاش جاری ہے۔کے پی میں بارشوں کے باعث ٹانک، جنوبی وزیرستان اور ژوب سے سیلابی ریلا ڈی آئی خان میں داخل ہوگیا، کلاچی، درابن اور پروا تحصلیوں کے درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے۔
ٹانک روڈ پر سی آر بی سی نہر کا پانی اوور فلو ہونے سے قریبی کالونیوں میں پانی داخل ہوگیا جبکہ لوگ ریلوں سے بچنے کیلئے درختوں پر چڑھ گئے۔سوات میں سیلابی ریلے سے بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا، بارش کے بعد پلئی کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والے سوات ایکسپریس وے کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا۔
لوئر دیر میں دریائے پنچکوڑہ میں اونچے درجے کا سیلاب آگیا جبکہ لوئر کوہستان میں اچھار اور زید کھڑ نالے کے ریلے میں شاہراہِ قراقرم کا بڑا حصہ بہہ گیا جس کے باعث شاہراہ قراقرم دو مقامات سے بند ہوگئی۔