شوکت ترین کیخلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کی مرضی سے آئی ایم ایف کو خط لکھا گیا، شوکت ترین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لیے ہماری قانونی ٹیم کام کر رہی ہے۔

 ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ مہنگائی کو روکنا صوبائی حکومتوں کا کام ہے، پورا ملک سیلاب میں ڈوب رہا ہے، عمران نیازی جلسوں میں مصروف ہے۔

رانا تنویر نے کہا کہ چار سالہ دورِ حکومت میں کوئی گیس کا معاہدہ نہیں کیا، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے ہمیں مشکل فیصلے کرنے پڑے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف مقدمات حکومت نے ختم نہیں کرنے، عدالتوں سے سرخرو ہوں گے، پارٹی میں اختلافات کی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں۔