لاہور کی مقامی عدالت میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف فوج سے متعلق بیان دینے پربغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج نے شہری شیخ مظفر حسین کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران خان نے 4 ستمبر کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے فوج سے متعلق بیان دیا۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ہماری فوج میں سپاہی سے لے کر چیف تک سب محب وطن ہیں، عمران خان کے بیان سے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت سمن آباد پولیس کو عمران خان کے خلاف بغاوت کا ٕمقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے سمن آباد پولیس سے 10 ستمبر کو رپورٹ طلب کرلی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب میں پاک فوج کی سینیئر قیادت سے متعلق ہتک آمیز بیان دیا تھا جس پر ملکی قیادت اور پاک فوج کی جانب سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے۔