فواد چوہدری نے پینترا بدل لیا

سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عمران خان اور سابق خاتون امریکی سفارتکار، سی آئی اے تجزیہ کار اور لابسٹ رابن رافیل کی ملاقات سے متعلق 24 گھنٹوں میں پینترا بدل لیا۔فواد چوہدری نے گزشتہ روز عمران خان اور رابن رافیل کی ملاقات کے حوالے سے کہا یہ ملاقات تین سال پہلے ہوئی اورآج  پریس کانفرنس میں بولے اس بارے میں عمران خان سے بات نہیں ہوئی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ابھی پوچھ نہیں سکا، رابن رافیل سے ان کی ملاقات ہوئی ہے یا نہیں؟ان کا کہنا تھاکہ رابن رافیل اگر یہاں ہیں اور آئیں گی تو ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں، وہ ریٹائر ہوچکی ہیں، ان کا امریکی حکومت سے کوئی لین دین نہیں۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھاکہ ابھی امریکی سفیرنے پختونخوا کا دورہ کیا تھا،  امریکی حکومت یا سفارتخانہ اگر سیلاب پر ہم سے رابطہ کریں گے تو امریکی حکومت اور سفارتخانے سے حکومتی ٹرانزیکشنزاورسیاسی انگیجمنٹ جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری واضح پالیسی ہے امریکا سے برابری کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں، ایسا نہیں کہ ہم جنگ کرنا چاہتے ہیں، امریکا کے ساتھ ہماری کوئی جنگ نہیں، امریکا پاکستان تعلقات کی بڑی اہمیت ہے جسے ہم تسلیم کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے سابق خاتون امریکی سفارت کار رابن رافیل کی ملاقات کی خبر سامنے آئی تھی۔