وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا ہے جو کراچی اور گوادر کے راستے وسط ایشیائی ملکوں کو دنیا سے ملائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر جمعرات کے روز سمرقند میں ملاقات میں کیا۔
ریل، سڑک اور بندرگاہوں کے ذریعے دوطرفہ تجارت اور علاقائی روابط پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دونوں فریقوں نے بین الحکومتی کمیشن جلد بلانے پر اتفاق کیا جو پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے خصوصی تجاویز پیش کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ازبکستان ، پاکستان راہداری تجارت معاہدے اور ترجیحی تجارت معاہدے کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے سیاسی، تجارتی اور معاشی تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے دفاع، سیکورٹی، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں قریبی شراکت داری پر بھی زور دیا۔شہبازشریف نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد بھجوانے پر شوکت مرزایوف کا شکریہ ادا کیا اور موسمیاتی تبدیلی سے ملک میں ہونے والی تباہی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔