اقوام متحدہ میں، پاکستان نے ایک بار پھر دہشت گردی کی بھارتی سرپرستی اور اپنے تمام پڑوسیوں کے خلاف جارحیت کے واقعات کو اجاگر کرتے ہوئے اسے جنوبی ایشیا میں دہشت گردی کا “بنیادی مرتکب، اسپانسر، فنانسر اور اُبھارنے والا” قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کی قونصلر صائمہ سلیم نے دہشت گردی کی کارروائیوں میں پاکستان کے ملوث ہونے سے متعلق ہندوستان کے الزامات کو واضح طور پر مسترد کردیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی مندوب میجیٹو وینیٹو کے پاکستان پر الزامات کے جواب کا اپنا حق استعمال کرتے ہوئے کیا۔
صائمہ سلیم نے کہا کہ بھارت تحریک طالبان پاکستان اور بی ایل اے جیسی دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت اور حمایت کر رہا ہے، جن کے حملوں کے نتیجے میں ہزاروں بے گناہ پاکستانی مارے گئے ہیں۔
انہوں نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے جعلی مقابلوں میں ماورائے عدالت قتل، 15000 نوجوان کشمیری لڑکوں کی جبری گمشدگی اور علاقے میں دیگر غیر قانونی کارروائیوں کو بھی اجاگر کیا۔