پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر کی موجودگی سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ سائفر کی ماسٹر کاپی فارن آفس میں موجود ہے۔ٹیکسلا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مریم بی بی، وہ سائفر گم نہیں ہوا، نیا ڈرامہ شروع ہوگیا ہے کہ سائفر غائب ہوگیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے تھے کوئی سائفر نہیں سب جھوٹ ہے، مراسلے کو انہوں نے دوبارہ زندہ کر دیا۔اپنی ممکنہ گرفتاری سے متعلق پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ میرے گھر پر تیسری بار پولیس بھیجی گئی، قوم تیار ہے جیل بھیج کر دکھاؤ۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کو طاقتور حلقوں نے این آر او کا دلاسہ دیا، اسحاق ڈار کو یہ دلاسہ نہیں دیا جاتا تو وہ کبھی واپس نہیں آسکتا تھا۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ نواز شریف کرپشن کر کے باہر بھاگ جاتا ہے اور این آر او لے کر واپس آ جاتا ہے، اسحاق ڈار نواز شریف سے زیادہ بزدل ہے، اسحاق ڈار کی ٹانگیں کانپتی ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ہر دوسرے دن ہمیں ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے، ان لوگوں نے این آر او لے کر اپنی چوری معاف کروائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے 2008 سے 2018 تک پاکستان کا قرضہ چار گنا بڑھایا، ان لوگوں کو دوبارہ این آر او مل گیا ہے۔پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کانپیں ٹانگنے والے نے سندھ کے غریب لوگوں کے پیسوں سے مہنگائی مارچ کیا۔