سابق وزیراعظم عمران خان کی سائفر سے متعلق گفتگو کی ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہوگئی۔مبینہ آڈیو میں اسد عمر کہتے ہیں کہ ایک اور چیز ہے ہائنڈ سائٹ میں یہ جو ہم اب کررہےہیں ناں لیٹر والا، یہ ذرا ہفتہ دس دن پہلے شروع کردینا چاہیے تھا۔
اس پر عمران خان نے کہا کہ اس لیٹر کا بہت بڑا یعنی جو ہم سوچ رہےہیں ناں، اس کا ساری دنیا کے اندر ایک اثر (امپیکٹ) چلا گیا ہے۔اس دوران شیریں مزاری کہتی ہیں کہ چائنیز نے آفیشل اسٹیٹمنٹ ایشو کی ہے، امریکا کی ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مذمت کرتےہیں۔
اس پر عمران خان کہتے ہیں کہ حکمت عملی یہ ہے کہ پبلک ہمارے ساتھ بیٹھی ہے، اب پبلک کے پریشر سے ہم چاہتےہیں کہ اتوار کو اس طرح ہائٹ پر پریشر ہو جو بھی جائے اسمبلی میں ووٹ دینے کےلیے اس کے یعنی وہ برانڈڈ ہو لیکن جو آپ نے برینڈ کرنا ہے ناں، میر جعفر اورمیر صادق، آپ کو لوگوں کو اسپون فیڈ کرنا ہے، مائنڈز آل ریڈی فرٹائل گراؤ نڈبنی ہوئی ہے، اس وقت کہ ان کوآپ فیڈکریں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی آج یہ دوسری آڈیو لیک ہوئی ہے اور اس سے قبل مبینہ آڈیو میں عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ پر گفتگو کی ہے۔اس سے قبل سائفر سے متعلق گفتگو کی 2 مبینہ آڈیوز بھی لیک ہوئی ہیں اور وہ گزشتہ دنوں ہیکرز کی جانب سے جاری کی گئی تھیں۔