پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نوجوانوں سے کہا کہ کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں، پاک فوج عوام کی مدد سے کسی بھی ملک، گروپ یا جتھے کو ملک غیر مستحکم کرنے نہیں دے گی۔تفصیلات کے مطابق کاکول کی پاکستان ملٹری اکیڈمی میں 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آٹ پریڈ ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاسنگ آٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں اعلی سول و فوجی افسران سمیت غیر ملکی سفارت کاروں نے بھی شرکت کی۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے مختلف کورسز کے کیڈٹس پاس آئوٹ ہو رہے ہیں، پاس آٹ ہونے والوں میں 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹس، 24 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 65 ویں انٹیگریٹڈ کورس کے، 20 ویں لیڈی کیڈٹ کورس اور پانچویں بنیادی فوجی تربیتی کورس کے کیڈٹس شامل ہیں۔
پاس آئوٹ ہونے والوں میں 4 لیڈی کیڈٹس سمیت 20 انٹرنیشنل کیڈٹس بھی شامل ہیں جن کا تعلق فلسطین، قطر، سری لنکا، نیپال اور عراق سے ہے۔ 4 بین الاقوامی لیڈی کیڈٹس کا تعلق سری لنکا اور مالدیپ سے ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پریڈ کا معائنہ کیا، بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاس ہونے والے کیڈٹس اور اہل خانہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاس آٹ پریڈ سے خطاب اعزاز کی بات ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 2 دہائیوں سے پاک افواج نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، آپ کو فخر ہونا چاہیئے کہ آپ ایک عظیم اور بہادر فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے میں بڑی قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان پر امن ملک ہے اور خطے میں بھی امن کا خواہاں ہے، خطے کو دو طرفہ مسائل بات چیت سے حل کرنے کی اہمیت پر زور دینا چاہیئے، ہمیں مل کر غربت اور دیگر چیلنجز سے نمٹنا ہوگا، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے ہزاروں نوجوانوں نے قربانیاں دیں۔ اچھا فوجی ہونے کے ناطے آپ کو اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی، کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں۔ ہمارا پیغام واضح ہے، پاک فوج عوام کی مدد سے کسی بھی ملک، گروپ یا جتھے کو ملک غیر مستحکم کرنے نہیں دے گی۔