الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزات داخلہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ضمنی انتخابات مقررہ تاریخ 16 اکتوبر کو کروانے کا اعلان کر دیا۔وزارت داخلہ نے ای سی پی کو قومی اسمبلی کے 9 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے کہا تھا کہ اگر ضمنی انتخابات مزید ملتوی ہوئے تو ان کی جماعت حکومتی اتحاد سے علیحدہ ہو جائے گی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا آج اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن، سیکریٹری وزارت داخلہ، سیکریٹری دفاع، چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب، آئی جی خیبر پختونخوا اور آئی جی سندھ نے شرکت کی۔
مزید کہا گیا کہ اس کے علاوہ ملٹری آپریشنز (ایم او) ڈائریکٹریکٹ اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔
بیان میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا ۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دی کہ الیکشن کمیشن نے 9 قومی اسمبلی، 3 صوبائی اسمبلی اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہیں، تاہم صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی کے دیگر اداروں کی ان انتخابات میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے حوالے سے ان کا مؤقف درکار ہے تاکہ انتخابات کا پُرامن انعقاد اور ووٹروں کو پولنگ کے دن پُرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔
سیکریٹری وزارت داخلہ، سیکریٹری دفاع، چیف سیکریٹری، آئی جیز اور سیکیورٹی کے دیگراداروں کے نمائندوں نے میٹنگ میں اپنا اپنا مؤقف پیش کیا۔
الیکشن کمیشن نے مذکورہ بالا تمام افسران و نمائندگان کا موقف سننے کے بعد مندرجہ ذیل فیصلے کیے ہیں۔
ضلع کرم کی قومی اسمبلی کی نشست جہاں پر امن وامان کی صورت حال بہتر نہیں ہے، اس کے علاوہ باقی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بہتر انتظامی انتظامات کے ساتھ انتخابات مقررہ تاریخ یعنی 16اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔
مزید بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 45 ضلع کرم کا انتخاب مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022 کو نہیں ہوگا، یہاں پر انتخاب کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر 2022 کو ہوں گے۔
خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو وزارت داخلہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو قومی اسمبلی کے 9 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات 90 روز کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔