خرم دستگیر خان نے چنیوٹ اور فیصل آباد میں 220 کے وی گرڈ سٹیشن لالیاں اور 500 کے وی گرڈ سٹیشن فیصل آباد ویسٹ کا افتتاح کر دیا

وفاقی وزیر برائے پاور انجینئر خرم دستگیر خان نے چنیوٹ اور فیصل آباد کے اضلاع میں بالترتیب 220 کے وی گرڈ سٹیشن لالیاں اور 500 کے وی گرڈ سٹیشن فیصل آباد ویسٹ کا افتتاح کر دیا۔ دونوں منصوبے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو مضبوط کریں گے اور فیصل آباد اور سرگودھا کے علاقوں میں بجلی کی صورتحال کو بہتر بنائیں گے۔

افتتاحی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ بہتر وولج پروفائل کے ساتھ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کےلئے پاور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی قابل اعتمادی بھی اتنی ہی اہم ہے۔ موجودہ حکومت صارفین کی مشکلات اور ان کے مسائل جیسے کم وولٹیج اور جبری لوڈ شیڈنگ سے پوری طرح آگاہ ہے جنہیں گرڈ سٹیشنز اور ٹرانسمیشن لائنز کے اضافے سے حل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 500 کے وی گرڈ سٹیشن فیصل آباد ویسٹ اور 220 کے وی گرڈ سٹیشن لالیاں بالترتیب 16.9 ارب روپے اور 4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہو چکے ہیں۔ یہ منصوبے 2400 میگاواٹ کی مجموعی صلاحیت کے ساتھ ساتھ دو ایل این جی پاور منصوبوں سے بجلی بنانے میں مدد کرینگے۔
منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، انجینئرڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے خطے میں این ٹی ڈی سی کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کو مضبوط کریں گے جس کے نتیجے میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) کو ریلیف ملے گا اور فیسکو میں اوور لوڈنگ، کم وولٹیج اور جبری لوڈشیڈنگ کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ اس منصوبے کی تکمیل سے فیسکو کے گھریلو، صنعتی، تجارتی اور زرعی صارفین کی بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ ان دونوں گرڈ سٹیشنز سے فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سمندری، گوجرہ، جڑانوالہ، چناب نگر، چنیوٹ انڈسٹریل، سرگودھا، لُڈے والا، نڑ والا روڈ، ٹھیکری والا روڈ، لالیاں اور دیگر علاقے مستفید ہوں گے۔


تقریب کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو انجینئر بشیر احمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان دونوں منصوبوں نے فیسکو کے ڈسٹری بیوشن سسٹم اور اس کے صارفین کو ریلیف فراہم کیا ہے۔ تقریبات میں سیاسی شخصیات، این ٹی ڈی سی کے سینئر افسران و سٹاف، کنٹریکٹرز، کنسلٹنٹس کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔