اسلام آباد انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو جلسے اور دھرنے کی اجازت دینے سے انکار

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کو جلسے اور دھرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کی جان کو لاحق شدید خطرات کے پیش نظر جلسے یا دھرنے کی اجازت نہیں دے سکتے، عدالت پی ٹی آئی کی جلسے اور دھرنے کی درخواست خارج کرے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی ایجنسیوں کی رپورٹس ہیں کہ عمران خان کی جان کو شدید خطرہ ہے، اسلام آباد انتظامیہ پی ٹی آئی کو جلسے یا دھرنے کی اجازت نہیں دے سکتی۔

درخواست میں کہا گیا کہ خدشہ ہے کہ اسلام آباد میں ایسے مذہبی جنونی ریلی میں داخل ہو کر دوبارہ ایسی حرکت کر سکتے ہیں، اسلام آباد میں ایسے شدت پسندانہ واقعات پہلے بھی ہو چکے ہیں، سلمان تاثیر اور شہباز بھٹی کو مذہبی جنونیوں نے اسلام آباد میں قتل کیا۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل 3 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں سیاسی جلسے کی اجازت دینے اور احتجاج کے لیے این او سی کے اجرا میں تاخیر کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔