چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اعظم سواتی کے بیان پر پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی کی ویڈیو سے متعلق انکشاف قابل مذمت اور افسوسناک ہے جس سے دلی رنج اور تکلیف پہنچی۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی ایک ایماندار اور قابل عزت شخصیت کے مالک ہیں، ان کو کوئٹہ بطور مہمان بہترین اور محفوظ ترین رہائش فراہم کی۔صادق سنجرانی نے کہا کہ تمام سینیٹرز بلا تفریق قابل احترام اور خاندان کے مانند ہے، سینیٹراعظم سواتی میرے خاندان کے رکن کی طرح ہیں جو بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، بطورمسلمان وبلوچ اخلاقی اقدار سے بخوبی آگاہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی ایوان کے باعزت رکن ہیں، ان کی تکالیف کا ادراک ہے، وہ اور ان کی اہلیہ تہجد گزار ہیں اور ماں کا درجہ رکھتی ہیں، اعظم سواتی میرے بڑے بھائی ہیں، ان کے ساتھ خاندانی تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹراعظم سواتی کی ازدواجی زندگی سے متعلق ویڈیو پر سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، پارلیمانی لیڈرز پر مشتمل کمیٹی میں تمام جماعتوں کے رہنما شامل ہوں گے۔صادق سنجرانی نے کہا کہ کمیٹی اعظم سواتی کی ویڈیو بنانے اور لیک کرنے کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گی اور اپنی رپورٹ مرتب کر کہ ایوان میں پیش کرے گی۔