دفاعی مصنوعات تیار کرنے والے ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز نے ملکی دفاعی صنعت میں جدید سب سونک کروز میزائل کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرادیا۔بین الاقوامی دفاعی نمائش میں موجودہ دور میں روایتی جنگوں کے تبدیل ہوتے میدان سامنے آرہے ہیں، اسی لیے پاکستان بھی دنیا میں جدید اسمارٹ دفاعی ٹیکنالوجی میں خود انحصاری کے راستے پر گامزن ہے۔
11ویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 میں پاکستان کی اہم دفاعی مصنوعات کو مارکیٹ کیا جارہا ہے ، ان مصنوعات میں سب سونک کروز میزائل ’حربہ‘ اور جدید جنگی ڈرون ‘شاہپر ٹو’ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کے اہم دفاعی صنعتی ادارے گلوبل انڈسٹریل اینڈ ڈیفنس سلوشنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسد کمال نے جیونیوز کراچی کے ڈپٹی بیورو چیف طارق معین صدیقی سے بات چیت میں بتایا کہ پاکستان اسمارٹ ٹیکنالوجی سے لیس تباہ کن ہتھیاربنانے والے ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔
اس نمائش میں متعارف کرائے جانے والے پاکستان کے تیار کردہ سب سونک کروز میزائل حربہ کی رینج 280 کلومیٹر ہے، یہ لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائل سمندر سے انتہائی کم اونچائی پر سفر کرنے کی خصوصیت کی وجہ سے دشمن کے راڈار سسٹم سے اوجھل رہتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ کروز میزائل بحری جہاز اور کوسٹ پر موجود عمارتوں کو کامیابی سے نشانہ بناسکتا ہے جب کہ اس میں مینوورنگ صلاحیت کے باعث صرف ہدف کو تباہ کرنے کی خصوصیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کروز میزائل ٹیکنالوجی کو عالمی مارکیٹ میں فروخت کرنے والے چند ممالک میں شامل ہوگیا ہے، پاکستان کے علاوہ یہ ٹیکنالوجی امریکا، روس ، چین، فرانس، جنوبی کوریا اور اسرائیل فروخت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ادارہ پاکستان کو ڈرون ٹیکنالوجی میں بھی آگے لے گیا ہے، دفاعی نمائش میں اہم خصوصیت کےحامل جنگی ڈرون ’شاہپر ٹو‘ کو بھی عالمی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اہم خصوصیات کا حامل یہ تباہ کن ڈرون فضا سے زمین پر مار کرنے والے دو لیزرگائیڈڈ برق میزائلوں سے لیس ہے، اسمارٹ ٹیکنالوجی سے تیار کردہ تباہ کن ڈرون دن رات آپریٹ کرکے دشمن کے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔
شاہپر ٹو کی اڑان کا دورانیہ 7 گھنٹے، رفتار 120 ناٹ اور 18ہزار فٹ بلندی پر پرواز کرسکتا ہے، اسمارٹ ڈرون ڈیفنس ٹیکنالوجی آذربائیجان اورآرمینیا کے ساتھ روس اوریوکرین جنگ میں اپنے کامیاب آپریشن ثابت کرچکی ہے۔