صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آج چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے لیے لاہور روانہ ہوں گے۔ذرائع ایوان صدر کے مطابق عارف علوی آج دوپہر اسلام آباد سے لاہور کے لیے روانہ ہوں گے، صدر عارف علوی آج 4 سہ پہر عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچیں گے اور لاہور میں صدر عارف علوی کے خصوصی پروٹوکول کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ صدر عارف علوی اور عمران خان کی ملاقات میں اہم تعیناتی کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ صدر عارف علوی کے پاس آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری آئے گی تو وہ مجھ سے مشورہ کریں گے، اس معاملے پر ہم آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کھیلیں گے۔