اسلام آباد کی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر اعظم سواتی کا مزید 4 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔سینیٹر اعظم سواتی کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج محمد شبیر کے سامنے پیش کیا گیا۔
عدات نے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دسمبر تک توسیع کر دی ہے۔اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہ کرنے کی وکیل کی درخواست بھی منظور کر لی گئی ہے۔جج محمد شبیر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ حکم تک اعظم سواتی کو عدالت میں پیش نہ کیا جائے، ان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ حکم میں لکھ دیں اعظم سواتی کے وکیل کی درخواست پرانہیں عدالت میں پیش نہیں کیاگیا۔واضح رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے چک شہزاد کے فارم ہاؤس سے اتوار کی صبح متنازع بیان پر تحریکِ انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف تضحیک اور پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف مقدمہ سائبر کرائم ونگ میں ایف آئی اے کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمٰن کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔