پی ٹی آئی سینیٹرز کے احتجاج اور شور شرابے کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پروموشن اور تحفظ کا بل منظور

سینیٹ میں پی ٹی آئی سینیٹرز کے احتجاج اور شور شرابے کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری پروموشن اور تحفظ کا بل منظور کر لیا گیا۔سینیٹ کا اجلاس تقریباً 7 ہفتوں کے وقفے کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں منعقد ہوا۔سینیٹ اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ کا بل سینیٹ میں پیش کیا گیا، جو معمول کی کاروائی معطل کرکے بل پیش کیا گیا تھا۔بل ضمنی ایجنڈے میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تاررڑ نے پیش کیا۔

اس دوران پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹرز نے چیئرمین سینیٹ کے ڈیسک کا گھراؤ کیا۔غیر ملکی سرمایہ کاری پروموشن اور تحفظ کا بل سینیٹ میں منظوری کے لیے پیش کر دیا گیا۔حکومتی اتحادی جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی رضا ربانی اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے نیشنل پارٹی کے سینیٹر طاہر بزنجو نے بل کی مخالفت کی، دونوں نشست پر کھڑے ہو گئے اور ہاتھ ہلا کر بل کی مخالفت کی۔

اسی طرح بلوچستان سے تعلق رکھنے والی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی سینیٹر گل بشریٰ اور بلوچستان ہی کی سینیٹر نسیمہ احسان نے بھی بل کی مخالفت کی۔اس دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیٹرز کا احتجاج جاری رہا جبکہ بل منظوری کے لیے پیش کر دیا گیا۔ایوان میں شدید شور شرابے کے دوران سینیٹ نے اس بل کو منظور کر لیا۔بعد ازاں، سینیٹ اجلاس جمعرات تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔