تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دعوت نامے پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، جہاں وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر تاجک صدر کا استقبال کیا۔اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
دو روزہ دورے کے دوران تاجک صدر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے، اور دو طرفہ معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔پاکستان اور تاجکستان دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کے ذریعے جڑے ہوئے برادر ممالک ہیں۔یہ تعلقات باہمی احترام اور غیر معمولی ہم آہنگی پرمبنی ہیں، مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک کا نکتہ نظر یکساں ہے۔
تاجکستان وسطی ایشیا میں پاکستان کا سب سے قریبی پڑوسی ملک ہے، دونوں ممالک کے درمیان محض واخان راہداری واقع ہے، یہ قربت تاجکستان کو وسطی ایشیا میں پاکستان کا ایک اہم شراکت دار بناتی ہے۔توقع ہے کہ تاجک صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور بڑھتی ہوئی جیو اکنامک پارٹنرشپ کو مزید تقویت ملے گی۔