اسلام آباد (سی این پی) سعودی ڈائریکٹوریٹ جنرل نارکوٹکس کنٹرول کے وفد نے گزشتہ روز کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ سعودی وفد کی قیادت میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے کی جو کہ ڈائریکٹر جنرل نارکوٹکس کنٹرول سعودی عرب کے عہدہ پر فائز ہیں ۔
وفد نے فیض احمد چدھڑ ، ڈائریکٹر جنرل ،کسٹمز انٹیلی جنس سے باہمی تعاون کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام پر دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
نیز مسافروں کی قبل از وقت معلومات کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ دونوں اطراف سے شریک ارکان نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے دونوں ممالک کے درمیان مؤثر اشتراک کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ مزید برآں دونوں ممالک کے درمیان کرنسی کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کیلئے خفیہ معلومات کے تبادلے پر اتفاق ہوا۔ فیض احمد چدھڑ، ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کو روکنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
انہوں نے وفد کو بتایا کہ سمگلروں بالخصوص منشیات کے سمگلروں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ اس حوالے سے سعودی وفد نے فیض احمد چدھڑ ، ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس کے حالیہ کوئٹہ میں منشیات کے کیس کی ستائش کی ۔
مزید برآں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ منشیات کی رُوک تھام کے لئے دونوں ممالک کو مل کر مزید کام کرنا چاہئے ۔سعودی وفد بالعموم اور ڈی جی میجر جنرل محمد بن سعید القرنی نے پاکستان کسٹمز انٹیلی جنس کی منشیات کے خلاف جاری کاروائیوں کو سراہا۔