صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنوں میں دہشت گردوں کی کارروائی ناکام بنانے اور ان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب آپریشن سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی قیادت اور آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے بڑی قربانیاں دے کر ملک کو دہشت گردی سے آزاد کیا ہے، اسی جذبے سے دہشت گردی کی باقیات کو ملک سے مکمل طور پر ختم کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ قوم ملکی دفاع اور سلامتی کے لیے دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی ، پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلندی درجات کی دعا کی، صدر مملکت نے آپریشن میں زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔یاد رہے کہ اتوار کو بنوں ڈویژن کے ضلع لکی مروت میں رات گئے ایک پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے تھے۔