اسلام آباد دھماکا، وزیراعظم، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی مذمت

 وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے سیکٹر آئی 10 فور میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے شہید ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پولیس اہلکاروں نے اپنے لہو کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کو روکا ہے، پوری قوم مل کر دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔وزیر اعظم نے دھماکے میں زخمی ہونیوالوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور کہا کہ پولیس کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دھماکے میں پولیس اہلکار کی شہادت پر اظہار افسوس کیا اور پولیس کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیئے بغیر اپنا فریضہ ادا کیا ہے، شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔