وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ٹین میں دھماکے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔پولیس حکام نے آئی ٹین فور میں خودکش دھماکے کی تفتیش کے لیے 8 رکنی جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد کو جے آئی ٹی بنانے کی سفارش ڈی آئی جی کی جانب سے کی گئی ہے، مراسلے کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ایس ایس پی محکمہ انسداد دہشتگردی کریں گے، 3 ڈپٹی سپرنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے۔تفتیشی افسران کے علاوہ حساس اداروں کے 2 افسران بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ٹین میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ اسلام آباد میں ہائی الرٹ کی وجہ سے چیکنگ چل رہی تھی اور اس دوران پولیس اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو چیکنگ کے لیے روکا، گاڑی رکتے ہی خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل عدیل حسین شہید ہو گئے۔