غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر میں جعلی مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج نے جعلی مقابلے میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے جموں میں نوجوانوں کو گاڑی سے اتارنے کے بعد شہید کیا، بعد میں بھارتی فوج نے انہیں عسکریت پسندوں کے طور پر پیش کیا۔
بھارتی فوج نے کہا کہ چاروں کشمیری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جھڑپ میں مارے گئے، تاہم عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والے نوجوان عام شہری تھے اور انہیں جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا۔دوسری جانب بھارتی حکام نے مسلمانوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی سے روکنے کیلئے ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ روز بھی جموں میں کارروائی کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ان تینوں کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی فوجی نے نوجوانوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کی آڑ میں اس وقت شہید کیا جب وہ جموں کے علاقے سدرہ میں ایک ٹرک میں سفر کر رہے تھے۔