پنجاب اسمبلی میں آج ہونے والے اجلاس کے آغاز سے قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور عطا اللہ تارڑ سمیت مسلم لیگ (ن) رہنماؤں کی ایوان میں داخلے پر مبینہ پابندی کے پیش نظر اسمبلی گیٹ پر پارٹی اراکین اور سیکیورٹی گارڈز گتھم گتھا ہوگئے۔
اجلاس کے آغاز سے قبل پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کر دیے گئے، اسمبلی گیٹ پر سکیورٹی اہلکار ہائی الرٹ ہوگئے اور کسی کو بھی پنجاب اسمبلی کے اندر جانے سے روک دیا گیا تھا۔
مسلم لیگ (ن) کے اراکین نے زبردستی اسمبلی میں داخل ہونے کی کوشش کی اور سیکیورٹی گارڈز کے ساتھ شدید ہاتھا پائی کی، خلیل طاہر سندھو، پیر اشرف رسول، ذیشان رفیق اور دیگر اراکین اسمبلی کی سیکیورٹی گارڈز سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔
بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی زبردستی گیٹ کھولنے میں کامیاب ہوگئے اور دھکے دے کر گاڑی اندر لے آئے۔عطااللہ تارڑ کو اسمبلی میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش بھی کی گئی، تاہم وہ حفاظتی رینجرز کے ساتھ پنجاب اسمبلی میں داخل ہوگئے۔