ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران سرحد پار سے دہشت گرد حملے کے شدید مذمت کرتا ہے، امید کرتے ہیں کہ ایران ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایران کی سرزمین استعمال کی،امید کرتے ہیں کہ ایران ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھی اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا، ایران بھی پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، دونوں ممالک کے مابین مثالی برادرانہ تعلقات ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز (18 جنوری) کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں ایرانی سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاک-ایران سرحد کے قریبی علاقے چکاب سیکٹر میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سپاہی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ سرحد پر گشت کرنے والے فوجی دستے پر حملہ کرنے کے لیے دہشت گردوں نے ایرانی سرزمین استعمال کی، تاہم ایران کو اپنی طرف سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا کہا گیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ نے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کی اور پاکستانی مؤقف دنیا کے سامنے رکھا۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ ورلڈ اکنامک فورم کے سائڈ لائنز پر اہم ملاقاتیں بھی کیں۔ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ سیکریٹری خارجہ بیلجیم کے دورے پر ہیں جہاں وہ برسلز میں بیلجیم اور لگژمبرگ سے ملاقات کریں گے اور اس کے علاوہ یورپی کمیشن اور پارلیمنٹ کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روسی اعلیٰ سطحی وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچ گیا جن کے ساتھ ریلوے، توانائی، تجارت سمیت مختلف شعبوں پر مذاکرات جاری ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ چین عارضی طور پر خنجراب سرحد کھولنے پر آمادہ ہوگیا ہے، مقامی تاجروں کو سہولت دینے کے لیے بارڈر کھولا گیا، سردیوں میں برفباری کے باعث خنجراب سرحد بند رہتی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سوئزرلینڈ میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس میں شریک ہیں جہاں وہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت دیگر چیلنجز سے آگاہ کر رہے ہیں، بیلجیم کا پارلیمانی وفد پاکستان کا اہم دورہ کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیلجیم کا پارلیمانی وفد پارلیمنٹ ہاؤس ، لاہور اور سیلاب زدہ علاقوں کا دودہ کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ امور اسد مجید خان برسلز کے اہم سرکاری دورے پر ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ خنجراب بارڈر چین میں سپرنگ فیسٹیول کے لیے آج کھولا جا رہا ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 25 جنوری کو تاشقند کا دورہِ کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف کے بھارت سے متعلق بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بھارت سے متعلق پالیسی واضح ہے، پاکستان بھارت کے کشمیر میں مظالم کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہے، بھارت ایسا ماحول پیدا کرے جس سے واضح ہو کہ وہ دہشت گردی میں ملوث نہیں۔سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ دوستانہ تعلقات ہے،دونوں ممالک کے مابین مزید تعلقات مضبوط ہوں گے، دونوں ممالک سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے رابطوں میں ہے، پاک سعودی سپریم کونسل معاشی معامالات پر بات چیت کرتی رہتی ہے۔