وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن میں واقع پارک میں لڑکی کا ریپ کرنے میں ملوث 2 ملزمان فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوگئے۔خیال رہے کہ 2 فروری کی رات خاتون کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن پارک میں گن پوائنٹ پر 2 ملزمان نے ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔آج صبح جاری کیے گئے بیان میں اسلام آباد کیپیٹل نے بتایا کہ شہر میں سیکیورٹی کے پیش نظر خصوصی ناکے لگائے گئے تھے، تمام گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جارہی تھی کہ اس دوران نامعلوم 2 مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔
اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے مطابق ناکہ 12- ڈی پر 2 نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی، تاہم ناکے پر کیے گئے حفاظتی اقدامات کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ میں حملہ آور زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔بعد ازاں اسلام آباد کیپیٹل پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ڈی 12 ناکہ پر پولیس کی جوابی فائرنگ سے مرنے والے حملہ آوروں کی شناخت ہوگئی۔
پولیس نے کہا کہ مرنے والے دونوں ملزمان اسٹریٹ کرائم سمیت سنگین جرائم کی وارداتوں میں مطلوب تھے، ایک ہلاک ملزم ڈکیتی کے دوران قتل میں اشتہاری تھا۔اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا کہ دونوں ملزمان ایف نائن پارک میں لڑکی کے ریپ کے واقعے میں بھی ملوث تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا تھا کہ ریپ واقعے کے ملزمان کی شناخت کرلی ہے اور ان کا سراغ لگا لیا گیا ہے، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رابطہ کرنے پر اسلام آباد پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر (پی آر او) نے کہا تھا کہ پولیس نے مشتبہ افراد کے ٹھکانے کی نشاندہی کرلی ہے اور ان کا سراغ لگا لیا ہے جو دارالحکومت میں ہی ہے۔ترجمان پولیس نے کہا کہ ملزمان کی شناخت سیف سٹی اور جیو فینسنگ کی مدد سے کی گئی، پولیس ذرائع نے بتایا کہ ملزمان جس موٹر سائیکل کو استعمال کر رہے تھے اس نے بھی ملزمان کی شناخت میں مدد دی۔خیال رہے کہ 2 فروری کی رات خاتون کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن پارک میں گن پوائنٹ پر 2 ملزمان نے ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔