بلوچستان کے علاقے ژوب میں دو گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر ژوب رمضان پلال کا بتانا ہے کہ ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی میں دو گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوا۔
ڈی سی ژوب کا بتانا ہے کہ فائرنگ کے بعد گاڑی میں آگ بھی لگ گئی جبکہ زخمی شخص کو لیویز اہلکاروں نے قریبی رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے گھات لگا کر دو گاڑیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا، علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھنے پر ژوب سے لیویز کی مزید نفری روانہ کر دی گئی ہے۔