لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف لاہور اور اسلام آباد میں درج دہشت گردی کے 8 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
جسٹس طارق سلیم شیخ اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ عمران خان کی جانب سے دہشت گردی کے مقدمات میں دائر حفاظتی ضمانت سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 5 مقدمات اسلام آباد میں اور 3 مقدمات لاہور میں درج ہیں، عمران خان متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں لیکن کچھ کیسز کی تفصیلات ہمارے پاس نہیں ہے۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ ہم ان ہی کیسوں کو دیکھیں گے جن کی درخواستیں ہمارے پاس ہیں، ہم آپ کو بلینکٹ بیل نہیں دے سکتے۔
عمران خان نے عدالت میں بیان دیا کہ اتنے زیادہ کیسز ہیں، سمجھ نہیں آتی، ایک میں ضمانت لیں دوسرے میں پرچہ آتا ہے، میرے گھر پر ایسا حملہ ہوا جیسا پہلے نہیں ہوا، جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ اگر آپ سسٹم کے ساتھ چلیں تو ٹھیک رہتا ہے، آپ کو اپنی چیزوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
عمران خان کا کہنا تھا میں نے کچہری میں سکیورٹی کی وجہ سے عدالت کو شفٹ کرنے کو کہا، وہ تو ڈیتھ ٹریپ ہے، میں نے کہا تھا کہ مناسب سکیورٹی دے دیں، جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ خان صاحب، اس کیس کو آپ کی جانب سے غلط ہینڈل کیا گیا ہے۔
عمران خان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ اب تک چیئرمین پی ٹی ئی پر 94 کیسز ہو چکے ہیں، 6 اور کیسز ہو گئے تو سنچری ہو جائے گی، یہ نان کرکٹ سنچری ہو گی۔
دو رکنی بینچ نے عمران خان کی انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی، عدالت نے اگلے جمعے تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
لاہور ہائی کورٹ نے انسداد دہشت گردی کے 8 مقدمات میں عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کی، عمران خان کی حفاظتی ضمانتیں 24 مارچ تک منظور کی گئی ہیں۔