وزارت توانائی نے وزیراعظم کے احکامات پر سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایت کی ہے جس کے ببعد وزارت توانائی نے سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ملک کیتمام بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کوہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ سحر و افطار اور تراویح کے اوقات میں بجلی کی فراہمی یقینی ہوگی، سحرکے اوقات سے ایک گھنٹہ قبل اور ایک گھنٹہ بعد میں زیرولوڈ مینجمنٹ ہوگی جب کہ افطارکے اوقات میں ایک گھنٹہ قبل اور3 گھنٹے بعد زیرو لوڈ مینجمنٹ ہوگی۔
وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے آپریشن سرکل کی سطح پرکنٹرول روم قائم ہوں گے، ڈویژن اور سب ڈویژن کی سطح پر شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔وزارت توانائی کا کہنا ہےکہ ٹرانسفارمرز خرابی کی صورت میں اضافی ٹرانسفارمراورٹرالیاں دستیاب ہوں گی۔