الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے 30 اپریل بروز اتوار کو پنجاب میں صوبائی اسمبلی کے عام انتخابات ملتوی کردیے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے انتخابات 8 اکتوبر کو ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ آئین کےتحت حاصل اختیارات کے انتخابی شیڈول واپس لیا گیا اور نیا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔اس میں کہا گیا ہے کہ اس وقت فی پولنگ اسٹیشن اوسطاً صرف ایک سیکیورٹی اہلکار دستیاب ہے جب کہ پولیس اہلکاروں کی بڑے پیمانے پر کمی اور ’اسٹیٹک فورس‘ کے طور پر فوجی اہلکاروں کی عدم فراہمی کی وجہ سے الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس میں مزید کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ نے ’ملک میں غیر معمولی معاشی بحران کی وجہ سے فنڈز جاری کرنے میں ناکامی‘ کا اظہار کیا۔حکم نامے میں نشاندہی کی گئی کہ الیکشن کمیشن کی کوششوں کے باوجود ایگزیکٹو اتھارٹیز، وفاقی اور صوبائی حکومتیں پنجاب میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد میں انتخابی ادارے کے ساتھ تعاون کرنے کے قابل نہیں تھیں۔
اس میں مزید کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور وفاقی وزارتوں کی بریفنگ کے بعد الیکشن کمیشن نے 20، 21 اور 22 مارچ کو پنجاب کے انتخابات کے معاملے پر تفصیلی غور کے لیے اہم اجلاس بلائے۔
اس میں کہا گیاہے کہ پیش کی گئی رپورٹس، بریفنگ اور مواد پر غور کرنے کے بعد الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ اس تمام صورتحال میں انتخابات کا شفاف، منصفانہ اور آئین و قانون کے مطابق انعقاد ممکن نہیں ہے۔