پنجاب میں عام انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی کے معاملے پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے اٹارنی جنرل اور سیکرٹری خزانہ کو طلب کر لیا۔ چیف جسٹس پاکستان نے 14 اپریل کو سیکرٹری خزانہ اور اٹارنی جنرل سمیت متعلقہ حکام کو اپنے چیمبر میں طلب کر لیا ہے۔سپریم کورٹ نے سیکرٹری خزانہ اور اٹارنی جنرل سمیت گورنر اسٹیٹ بینک اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو بھی نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فنڈز فراہم نہیں کیے، پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی عدم فراہمی عدالتی احکامات کی حکم عدولی ہے۔سپریم کورٹ کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم عدولی کے نتائج قانون میں واضح اور سب کے علم میں ہیں، تمام افسران 14 اپریل کو چیف جسٹس چیمبر میں پیش ہوں، الیکشن کے لیے فنڈز کی فراہمی توہین عدالت کی کارروائی سے زیادہ اہم ہے۔