اسلام آبا د ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دورکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج 8 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 3مئی تک توسیع کردی۔ عدالت نے قراردیا ہے کہ اگر عمران خان 3مئی کو بھی پیش نہ ہوئے توان کی ضمانت منسوخ ہوجائے گی۔ جبکہ عدالت نے عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ سمیت8 آٹھ کیسز میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کے لئے دائر درخواست پر اسلام آباد کورٹ میں سماعت ہوئی۔عدالت کی جانب سے طلب کرنے کے باوجود عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔دوران سماعت عمران خان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں موجود ہونے کی وجہ سے اسلام آباد میں پیش نہیں ہو سکے اس لئے ان کی ایک روزہ عدالتی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔ اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ بتا دیں کہ کیس کی سماعت کب تک ملتوی کریں، اگر عمران خان اگلی سماعت پر بھی پیش نہیں ہوتے توپھر ان کی عبوری ضمانت خارج کردی جائے گی۔ عدالت نے عمران خان کی تمام 8مقدمات میں عبوری ضمانت میں 3مئی تک توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">
/ img src="https://capitalnewspoint.com/wp-content/uploads/2024/09/Sarhad-University-Expands-Its-Horizons-with-the-Launch-of-Islamabad-Campus-1.jpg">