پنجاب حکومت نے راوی اربن ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو کالعدم قرار دینے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا جبکہ اپیل پر سماعت پیر کو ہوگی۔
گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ نے راوی اربن پراجیکٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے روڈا کے ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 4 کو بھی غیر قانونی اورآئین سے متصادم قرار دیا تھا۔
پنجاب حکومت نے ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ میں راوی اربن ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کالعدم قراردینے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔
سپریم کورٹ نے رجسٹرار آفس کوپنجاب حکومت کی اپیل پرنمبر لگانے کا حکم دیا اور اس موقع پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ ہمارے سامنے نہیں آیا، ہائیکورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد ہی اپیل سن سکتے ہیں، ہائیکورٹ کے فیصلے کےخلاف اپیل پر نمبر بھی نہیں لگا ہوا۔
سپریم کورٹ نےاپیل پر نمبر لگانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی تھی۔