وزیراعظم شہباز شریف کی برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے شاہ چارلس کو تاجپوشی کی مبار کباد دی۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی برطانیہ کے بادشاہ چارلس سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے کنگ چارلس کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
تاج پوشی کی تقریب سے قبل ہوئی ملاقات میں شاہ چارلس نے وزیراعظم سے گفتگو میں اپنے سابقہ دورہ پاکستان کو یاد کیا۔رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بادشاہ چارلس کی تاج پوشی نئے دور کا آغاز ہے، دولت مشترکہ ممالک میں ہم آہنگی بڑھانےکی ضرورت ہے تاکہ مشترکہ ترقی کا خواب پورا ہوسکے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے دولت مشترکا لیڈرز کی تقریب میں بھی شرکت کی جبکہ ان سے برطانیہ کے وزیراعظم رشی سونک کی بھی ملاقات ہوئی۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے بادشاہ چارلس آج تاج وتخت باضابطہ طورپر سنبھالیں گے ، بادشاہ چارلس کی تاج پوشی کی تقریب دوپہر کو ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی ،2 ہزار 300 مہمان بادشاہ کے منتظر ہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف بھی مہمانوں میں شامل ہیں ، شاہ چارلس بکنگھم پیلس سے نکلیں گے، انہیں دیکھنے کیلئے ہزاروں افراد نے بکھنگم پیلس کے باہر ڈیرے ڈال لیے۔