لاہور میں جناح ہاؤس پرحملہ کرنے والے کئی شرپسندوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد توڑپھوڑ، قیمتی اشیاء اور دستاویزات چوری کرنے والےشرپسندوں کےخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
جناح ہاؤس اور دیگر فوجی تنصیبات پرحملہ کرنے والے کچھ شرپسندوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق کور کمانڈر ہاؤس میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کرنے والے بیشتر افراد کی بھی شناخت ہوگئی ہے، پولیس نے ان شرپسندوں کے خلاف انسداد دہشتگردی کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق شرپسندوں میں اویس مشتاق، عباد فاروق، محمد حاشر خان اورجہانزیب خان شامل ہیں جب کہ پر تشدد کارکن مسلح آتشی اسلحہ، ڈنڈے، پتھر اور پٹرول بم سےلیس تھے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایسےافراد جنہوں نےملک کے دیگر علاقوں میں املاک کو نقصان پہنچایا وہ بھی قانون کی گرفت میں آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد لاہور سمیت کئی شہروں میں پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ کیا،فوجی و سرکاری املاک اور عوامی مقامات کو نذرآتش بھی کیا۔