سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے باعث لانگ مارچ 2 دن آگے کی درخواست پر عمران خان نےکہا جنرل عاصم منیرکو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنویرالیاس کا کہنا تھاکہ عمران خان سازش کے تحت فوج اور آرمی چیف کو متنازع بنانےکی کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے 2 دن قبل تحریک انصاف کا لانگ مارچ اسی سازش کی کڑی تھی، ہم نے عمران خان سے کہا آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، مارچ 2 دن آگےکریں تو عمران خان نےکہاجنرل عاصم منیرکو آرمی چیف بننے سے روکنا ہے۔سردارتنویر الیاس کا کہنا تھاکہ عدم اعتماد کے وقت عمران خان چاہتے تھے فوج اسے ناکام بنائے، فوج نے اس ساری صورتحال میں نیوٹرل رہنے کا فیصلہ کیا، عمران خان نے پارٹی میٹنگ میں کہا اب فوج مخالف بیانیہ بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند دن بعد کاغذ کا ٹکڑا لہرا کر اپنی فوج کو میرجعفر اور میرصادق جیسے القابات سے نوازاگیا، عمران خان نوجوانوں کے ذہنوں میں فوج کے خلاف جذبات بھڑکا رہے ہیں۔سردار تنویر الیاس کا کہنا تھاکہ سلیپر سیلز کے ذریعے فوجی تنصیبات پر حملے کرائے جارہےہیں، عمران خان کےدورحکومت میں بدترین گورننس رہی۔