ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جائے گا۔آج یوم تکریم شہداء پاکستان کے موقع پر خصوصی پروگرام اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔جی ایچ کیو میں یادگارِ شہداء پر مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی جس میں چیف آف آرمی اسٹاف مہمانِ خصوصی ہوں گے جبکہ چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ائیر اسٹاف بھی یادگار شہداء پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔پاکستان ائیر فورس ،پاکستان نیول ہیڈکوارٹرز ،فارمیشن ہیڈکوارٹر اور پولیس کی شہداء یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر میں شہداء کے لیے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔صوبائی دارالخلافوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات کا انعقاد ہوگا جبکہ اسلام آباد کانسٹیٹیوشن ایوینیو سمیت صوبائی دارالخلافوں میں شہداء یکجہتی واک اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔اس کے علاوہ ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کے لیے مساجد میں قرآن خوانی اور دعائیں کی جائیں گی جبکہ اسکولوں،کالجز میں بھی خصوصی تقریبات کا انتظام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت 25 مئی کو’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا اعلان کیا گیا۔یہ دن منانے کا مقصد شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا اور قوم کو یہ پیغام بھی دینا ہےکہ شہداء، اُن کی فیملیز اور یادگاروں کا احترام ہر پاکستانی کا فخرہے۔