سپریم کورٹ میں پنجاب میں انتخابات پر الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ دن 12 بجے درخواست پر سماعت کرے گا۔الیکشن کمیشن کے وکیل آج کی سماعت میں اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
اس سے قبل کیس کی گزشتہ سماعت میں تحریک انصاف نے اپنا جواب جمع کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن چاہتا ہے سپریم کورٹ نظریہ ضرورت کو زندہ کرے۔تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی نظرثانی اپیل مسترد کرنے کی استدعا کی تھی اور کہا کہ نظرثانی اپیل میں الیکشن کمیشن نے نئے نکات اٹھائے ہیں جب کہ نظرثانی اپیل میں نئے نکات نہیں اٹھائے جاسکتے، الیکشن کمیشن نظرثانی اپیل میں نئے سرے سے دلائل دینا چاہتا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو فیصلہ سناتے ہوئے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، تاہم 14 مئی کی ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں ہوا تھا۔21 ارب روپے کی عدم فراہمی عدالتی حکم پر وفاق اور الیکشن کمیشن عملدرآمد نہ کرسکے، اس کے بعد 3 مئی کو الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کی تھی۔