امریکا کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیاست پاکستانی عوام کا معاملہ ہے، جو بھی ہو آئین کے مطابق ہو۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدنت پٹیل نے کہا ہےکہ امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کی قدر کرتا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کے امریکا پر لگائے گئے الزامات کے سوال پر ترجمان نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکے ہیں ایسے الزامات غلط ہیں۔ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ دہری شہریت کی حامل ہیں،پاکستانی حکام سے کہا ہے کہ خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دی جائے، پاکستانی حکام سے براہ راست رابطے میں ہیں اور کیس فالو کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ 9 مئی کو جناح ہاؤس پر حملے کے کیس میں گرفتار ہیں۔جناح ہاؤس لاہور میں جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے کیس میں خدیجہ شاہ کو 24 مئی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جس کے بعد عدالت نے انہیں 7 دن کے لیے شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔