وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایسی گفتگو موجود ہے کہ شاید عدالت کو بھی کہنا پڑے کہ اسے ان کیمرہ کر دیں۔ نجی ٹی وی چینل پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا پی ٹی وی پر حملہ کس نے کیا تھا؟ کس نے 2014 میں ریاست کے خلاف نافرمانی کی تحریک کی بات کی تھی؟
چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا اس شخص نے اب کی بار زمان پارک میں بیٹھ کر سازش تیار کی، چند لوگوں کو زمان پارک میں تربیت دی گئی، یہ شخص کہتا تھا کہ اس کا گرفتار ہونا ریڈ لائن ہے، یہ شخص کہتا تھا اس کو گرفتار کیا گیا تو ریاست کو تہس نہس کر دےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی کی گفتگو موجود ہے، 9 مئی کے واقعات کے ماسٹرمائند چیئرمین تحریک انصاف ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی ایسی گفتگو موجود ہے کہ شاید عدالت کو بھی کہنا پڑے کہ ان کیمرہ کر دیں۔
ان کا کہنا تھا یہ کہتے ہیں ان کے ساتھ سیاسی ورکر کے طور پر برتاؤ کیا جائے لیکن ایسا نہیں ہو گا، ان لوگوں نے لائن کراس کر دی، اب یہ سیاسی اور انسانی حقوق کی بات کرتے ہیں، ان لوگوں کے تانے بانے بیرونی قوتوں کے ساتھ ملتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ انکوائری کو مکمل کرنے میں وقت لگے گا لیکن جس کے خلاف جو شواہد ملیں گے کارروائی ہو گی، بغیر ثبوت لوگوں کو نہیں پکڑا جائے گا۔